بھارتی بیٹر ویرات کوہلی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں نہ صرف ان کی شاندار بیٹنگ نے سب کو متاثر کیا بلکہ فیلڈنگ کے دوران ان کا مشہور ’ناگن ڈانس‘ بھی وائرل ہوگیا۔
پانچویں اوور میں کوئنٹن ڈی کوک کی وکٹ گرنے پر کوہلی کے اس ڈانس کو کیمروں نے فوراً پکڑ لیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے ٹرینڈ بن گیا اور مداحوں نے ’پرانا کوہلی واپس آگیا‘ جیسے تبصرے شروع کر دیے۔
میدان میں بھی کوہلی بھرپور فارم میں دکھائی دیے۔ انہوں نے مسلسل دوسری سنچری اسکور کرتے ہوئے 93 گیندوں پر 102 رنز بنائے۔ پہلے میچ میں بھی وہ 135 رنز کی باری کھیل چکے ہیں۔
یہ کوہلی کے کیریئر کی 84ویں انٹرنیشنل اور 53ویں ون ڈے سنچری ہے، اور وہ اب بھی سچن ٹنڈولکر کی 100 سنچریوں کے بڑے ریکارڈ کے پیچھے تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔

