مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ حالیہ آئینی ترمیم تمام جماعتوں کی مکمل حمایت سے منظور ہوئی، حتیٰ کہ پی ٹی آئی کے کسی رکن نے بھی اس کے خلاف ووٹ نہیں دیا۔
جیو نیوز سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے سیکڑوں ججز میں سے صرف دو نے اس ترمیم پر اعتراض اٹھایا، جبکہ باقی تمام ججز اپنے معمول کے کام جاری رکھے ہوئے ہیں، جس سے واضح ہے کہ نہ آئین کو کوئی نقصان پہنچا اور نہ عدالت تقسیم ہوئی۔
پرویز رشید کے مطابق سینیٹ میں 64 اراکین نے ترمیم کے حق میں ووٹ دیا اور اختلاف کی کوئی آواز نہیں اٹھی۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں ترمیم پارلیمنٹ کا اختیار ہے اور تمام جماعتیں پہلے بھی آئینی اصلاحات پر اتفاق کرتی رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ ججز کا طرزِ عمل ایسا لگتا ہے جیسے وہ صرف نمایاں مقدمات سن کر شہ سرخیوں میں رہنا چاہتے ہوں، جبکہ عدالتوں کا اصل کام ہر شہری کو انصاف فراہم کرنا ہے، نہ کہ سیاسی بیانات یا میڈیا ٹکرز بنانا۔
