برطانیہ کے سائیکل سواروں کی ایک ٹیم نے سعودی عرب میں مکہ سے مدینہ تک 550 کلومیٹر کا چیلنج شروع کر دیا ہے۔ اس سفر کا مقصد ترقی پذیر ممالک میں پیدا ہونے والے بچوں کو فنڈز فراہم کرنا ہے جو پیدائشی طور پر دل کے امراض سے متاثر ہیں۔
یہ مہم ہجرہ رائیڈ کے نام سے جانی جاتی ہے اور پیغمبر اسلام کے تاریخی ہجرتی سفر کی تقلید پر مبنی ہے۔ ٹیم میں 18 سے 65 سال کے 40 سائیکل سوار شامل ہیں، جنہوں نے نومبر میں سخت سردیوں میں تربیت مکمل کی تاکہ سعودی عرب میں چار روز تک روزانہ 6-7 گھنٹے سائیکل چلائی جا سکے۔
اب تک تقریباً 9 لاکھ 23 ہزار پاؤنڈ جمع کیے جا چکے ہیں اور اس برس کا ہدف 10 ملین پاؤنڈ ہے۔ فنڈز کا ایک حصہ غزہ اور سوڈان کے ہنگامی امدادی پروگراموں کے لیے استعمال کیا گیا، جبکہ لٹل ہارٹس پروجیکٹ کے تحت پاکستان اور بنگلہ دیش میں دل کے امراض والے 150 بچوں کی سرجریز کے لیے بھی فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔
سائیکل سوار ٹیم کو راستے میں شدید گرمی، تیز ہوائیں، ریت کے طوفان اور جسمانی تھکاوٹ کا سامنا ہے، مگر تجربہ کار رائیڈرز پیلوٹن تکنیک کے ذریعے ایک دوسرے کا سہارا لے کر سفر مکمل کر رہے ہیں۔
برطانوی سائیکل سوار مکہ سے مدینہ تک 550 کلومیٹر کا سفر، دل کے امراض کے شکار بچوں کے لیے فنڈز اکٹھے کر رہے ہیں
