مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے امید ظاہر کی ہے کہ ان شاء اللہ اس سال بھی ملک بھر میں ایک ہی دن روزہ رکھا جائے گا۔
’جیو نیوز‘ کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ آج مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں منعقد ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند برسوں سے پورے ملک میں ایک ہی روز روزہ رکھنے کا اعلان کیا جا رہا ہے اور اس روایت کو برقرار رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رویتِ ہلال کمیٹی میں وزارتِ سائنس، محکمۂ موسمیات اور سپارکو بھی شامل ہیں، جو چاند کی رویت کے حوالے سے سائنسی رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔
دوسری جانب سپارکو کے ترجمان کے مطابق پہلا روزہ آج ہونے کا امکان ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ نئے چاند کی پیدائش منگل کو پاکستانی وقت کے مطابق شام 5 بج کر 1 منٹ پر ہو چکی ہے۔ آج غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 25 گھنٹے اور 48 منٹ ہو گی، جس کے باعث چاند آنکھ سے نظر آنے کا امکان موجود ہے۔
حتمی اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔
