سابق ٹیسٹ کرکٹرز سکندر بخت اور راشد لطیف نے سری لنکن ٹیم کی جانب سے دورۂ پاکستان جاری رکھنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
سکندر بخت کا کہنا تھا کہ پاک سری لنکا سیریز کو متاثر کرنے کی کوششوں کے پیچھے بھارتی سازش کا امکان ہے، لہٰذا عوام اگلے ون ڈے میں سری لنکن ٹیم کا بھرپور خیرمقدم کریں۔ انہوں نے کہا کہ شائقین راولپنڈی اسٹیڈیم میں سری لنکا کے جھنڈے لہرا کر دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنائیں۔
راشد لطیف نے بھی سری لنکا کے فیصلے کو مثبت قرار دیتے ہوئے یاد دلایا کہ ماضی میں پاکستان نے مشکل حالات میں سری لنکا کا ساتھ دیا تھا، اور اب سری لنکن ٹیم نے دوستی کا ثبوت دیا ہے۔

