سندھ حکومت نے فوری طور پر صوبے میں چار روزہ ورک ویک نافذ کر دیا ہے جس کے تحت سرکاری دفاتر اب پیر سے جمعرات تک کھلے رہیں گے جبکہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو تعطیل ہوگی۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری گاڑیوں کے ایندھن کے استعمال میں 50 فیصد کمی کی جائے گی اور 60 فیصد سرکاری گاڑیاں آئندہ دو ماہ تک بند رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ جون تک نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
حکومت نے سرکاری تقریبات، ڈنر اور افطار پارٹیوں پر پابندی لگاتے ہوئے تمام سرکاری اجلاس آن لائن کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ صوبائی وزراء تین ماہ تک تنخواہ اور مراعات نہیں لیں گے جبکہ گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے افسران سے دو دن کی تنخواہ چھوڑنے کی اپیل کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے تحت نجی شعبے میں بھی چار روزہ ورک ویک نافذ کیا جائے گا اور 50 فیصد ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ تعلیمی اداروں کے لیے بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں جن کے مطابق 16 سے 31 مارچ تک اسکولوں میں اسپرنگ تعطیلات ہوں گی جبکہ کالجوں اور جامعات میں سو فیصد آن لائن کلاسز ہوں گی۔
اس کے علاوہ شادی تقریبات میں مہمانوں کی تعداد زیادہ سے زیادہ 200 تک محدود رکھی گئی ہے اور صرف ایک ڈش کی اجازت ہوگی۔
