پاک چین اور پاک ایران سرحدوں پر تجارتی سرگرمیوں کو تیز اور محفوظ بنانے کے لیے جدید اسکیننگ سسٹمز متعارف کرا دیے گئے ہیں۔ نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن کی جانب سے یہ اسکینرز سوست ڈرائی پورٹ اور گبد بارڈر ٹرمینل پر نصب کیے گئے ہیں۔
ان جدید مشینوں کی مدد سے گاڑیوں کی جانچ چند سیکنڈز میں ممکن ہو گئی ہے، جس سے کلیئرنس کا عمل تیز ہوگا اور کنٹینرز کی قطاریں کم ہوں گی۔ مصنوعی ذہانت پر مبنی یہ نظام سامان کی نوعیت اور ساخت کا درست تجزیہ کرتا ہے، جس سے شفافیت میں اضافہ اور انسانی مداخلت میں کمی آئے گی۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے اہم تجارتی راستوں پر مجموعی کارکردگی بہتر ہونے اور قانونی تجارت کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔

