پاکستان کرکٹ بورڈ نے عندیہ دیا ہے کہ حیدرآباد کے تاریخی نیاز اسٹیڈیم میں پی ایس ایل سمیت بین الاقوامی کرکٹ واپس لائی جا سکتی ہے۔ پی سی بی کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک خرم نیازی کے مطابق اسٹیڈیم کی موجودہ حالت پہلے سے بہتر ہے اور فلڈ لائٹس بھی نصب ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر میئر حیدرآباد اسٹیڈیم کو پی سی بی کے حوالے کرنے کا معاہدہ کر دیں تو اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق فوری اپ گریڈ کیا جائے گا۔ میئر کاشف شورو نے تعاون کی یقین دہانی بھی کر دی ہے۔
کرکٹ شائقین کا کہنا ہے کہ اگر سنجیدہ اقدامات کیے جائیں تو نیاز اسٹیڈیم ایک بار پھر بڑے مقابلوں کی میزبانی کر سکتا ہے۔ یہ اسٹیڈیم تاریخی طور پر خوش قسمت رہا ہے جہاں پاکستان ٹیم ابھی تک ناقابلِ شکست رہی ہے۔

