کراچی کے نیپا چورنگی پر تین سالہ بچے کے کھلے مین ہول میں گرنے کے افسوسناک واقعے کے بعد میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے واٹر کارپوریشن کے ایم ڈی کو فوری تحقیقات کا حکم دے دیا۔ میئر نے سوال اٹھایا کہ مرکزی مقام پر موجود مین ہول کب اور کیسے کھلا رہا، اور رات کے وقت مشینری فراہم کیوں نہیں کی گئی۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ذمہ داری ثابت ہونے پر متعلقہ عملے کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ ان کے مطابق جس مقام پر حادثہ پیش آیا وہاں برساتی نالے پر ٹاؤن اور کے ایم سی دونوں کا کام شامل ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اس معاملے پر سیاست کی جا رہی ہے اور بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے تاکہ حقیقت سامنے آئے۔ میئر کا کہنا تھا کہ بچے کی تلاش جاری ہے اور 500 میٹر تک علاقے کی کھدائی ہو چکی ہے، جبکہ اہلِ خانہ کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

