سعودی عرب کی وزراء کونسل نے ’راس حاطبہ‘ اور ’بلیو ہولز‘ کو قومی محفوظ سمندری علاقوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ یہ اقدام ملک کے حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور وژن 2030 کے پائیدار ترقی کے اہداف کے تحت اٹھایا گیا۔
ماہرین کے مطابق دونوں علاقے منفرد حیاتیاتی نظام اور اقتصادی و سیاحتی اہمیت رکھتے ہیں۔ بلیو ہولز میں رنگ برنگی مرجان، مچھلیاں، ڈولفن اور کچھوے پائے جاتے ہیں، جبکہ راس حاطبہ میں نایاب سمندری جاندار جیسے سبز کچھوے اور ڈوگونگ موجود ہیں۔
ان علاقوں کے اضافے کے بعد سعودی عرب میں محفوظ سمندری علاقوں کا تناسب 6.5 فیصد سے بڑھ کر 16.1 فیصد ہو گیا ہے۔

