لاہور کی ضلع کچہری نے یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید چار دن کی توسیع کر دی۔ قومی سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے مؤقف اختیار کیا کہ تفتیش میں مزید شواہد اور نام سامنے آ رہے ہیں، اسی لیے مزید ریمانڈ درکار ہے۔
ڈکی بھائی پر الزام ہے کہ انہوں نے آن لائن جوا کھیلنے والے پلیٹ فارمز کی تشہیر کی جس سے عوام کو مالی نقصان پہنچا۔ ان کے اکاؤنٹ سے 27 ویڈیوز کے لنکس اکٹھے کیے گئے جن میں ان ایپس کی پروموشن کی گئی تھی، بعد ازاں کئی ویڈیوز ڈیلیٹ کر دی گئیں۔
انہیں الیکٹرانک کرائم ایکٹ 2016 اور تعزیراتِ پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت نامزد کیا گیا ہے۔ ڈکی بھائی کو 16 اگست کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا اور وہ اب یکم ستمبر تک حکام کی تحویل میں رہیں گے۔

