مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں 45واں کنگ عبدالعزیز عالمی قرآت و حفظ قرآن مقابلہ اختتام پذیر ہوگیا جس میں پانچ کیٹیگریز کے تحت فاتحین کو 4 ملین ریال سے زائد انعامات دیے گئے، جبکہ تمام شرکا کے لیے ایک ملین ریال کے خصوصی انعامات رکھے گئے۔
اس بار کے سب سے بڑے مقابلے میں 128 ممالک کے 179 شرکا شریک ہوئے۔ پہلی کیٹیگری میں چاڈ کے محمد آدم محمد نے پہلا انعام جیتا، جبکہ سعودی عرب، نائیجیریا، الجزائر، یمن اور دیگر ممالک کے قراء بھی نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
اختتامی تقریب میں نائب گورنر مکہ شہزادہ سعود بن مشعل نے شاہ سلمان کی نمائندگی کی۔ شرکا نے اس عالمی مقابلے کو اپنے لیے فخر اور اعزاز قرار دیا اور جدید الیکٹرانک ججنگ سسٹم سمیت بہترین انتظامات پر سعودی وزارتِ اسلامی امور کا شکریہ ادا کیا۔
