پاکستان اور چین نے دوطرفہ اسٹریٹجک روابط کو وسعت دینے اور باہمی اعتماد کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ بیجنگ میں ہونے والے اسٹریٹجک مذاکرات کے بعد جاری مشترکہ بیان میں دفاع، سیکیورٹی، تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔ دونوں ممالک نے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر 2026 میں تقریبات منانے کا اعلان کیا۔
اعلامیے کے مطابق علاقائی امن و استحکام کے لیے پاک چین تعلقات کو اہم قرار دیا گیا جبکہ سی پیک فیز ٹو، صنعت ،زراعت معدنیات اور گوادر پورٹ میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ پاکستان نے چین کی بنیادی پالیسیوں کی حمایت کا اعادہ کیا جبکہ چین نے پاکستان کی خود مختاری معاشی اصلاحات اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
دونوں جانب سے خطے میں امن مسئلہ کشمیر کے پرامن حل افغانستان میں استحکام، غزہ میں جنگ بندی اور فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت دہرائی گئی۔ آئندہ پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک مذاکرات اسلام آباد میں منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
پاک چین تعلقات میں مزید گہرائی، اسٹریٹجک تعاون بڑھانے کا فیصلہ
