وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ان کی دعا ہے کہ کراچی اپنی پرانی شان و شوکت دوبارہ حاصل کرے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ان کے بچپن میں کراچی ترقی یافتہ اور روشنیوں سے جگمگاتا شہر تھا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے بتایا کہ وہ ابتدائی تعلیم عائشہ باوانی اسکول سے حاصل کر چکے ہیں، اور ہر طالبعلم میں ملک کا وزیر بننے کی صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سائنس اور ٹیکنالوجی میں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے کیونکہ مستقبل کی جنگ لیبارٹریز میں لڑی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق او لیول اور اے لیول کے بڑھتے رجحان نے نوجوانوں کو اپنی ثقافت اور ہیروز سے دور کر دیا ہے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر منفی نظریات کے پھیلاؤ سے نوجوانوں کو بچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

