زمبابوے کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے اختتام کے بعد انڈیا میں محفوظ ہے، تاہم مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کی وجہ سے وطن واپسی میں تاخیر ہو رہی ہے۔ اسکواڈ اصل میں دبئی کے راستے وطن واپس جانا تھا، لیکن فلائٹ روٹس متاثر ہو گئے ہیں۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ آئی سی سی کے ساتھ رابطے میں ہیں اور اسکواڈ کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے متبادل راستوں سے واپسی کے انتظامات کر رہے ہیں۔
اسی طرح ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم بھی ورلڈ کپ کے اختتام کے بعد انڈیا میں موجود ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ٹیم کو اتوار کے میچ کے بعد دبئی کے راستے فوری واپسی کرنی تھی، لیکن مشرق وسطیٰ کی کشیدگی کی وجہ سے فلائٹس جزوی طور پر بحال ہیں اور واپسی کے شیڈول کا اعلان ابھی باقی ہے۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ٹیم کی جلد واپسی کے لیے کوششیں جاری ہیں اور صورتحال جلد حل ہونے کی توقع ہے۔
