سعودی عرب نے مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ کی پہلی ثقافتی یونیورسٹی ریاض یونیورسٹی آف آرٹس قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس منصوبے کا آغاز آئندہ برس کیا جائے گا، جس کا مقصد تخلیقی تعلیم، عملی تربیت اور عالمی اداروں کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔
جامعہ میں فلم، موسیقی، تھیٹر، ورثہ، فوٹوگرافی اور کلچرل مینجمنٹ سمیت مختلف شعبوں کے 13 کالجز شامل ہوں گے، جبکہ ابتدا تین کالجز (موسیقی، تھیٹر و پرفارمنگ آرٹس، اور فلم) سے کی جائے گی۔
یہ ادارہ ڈپلومہ سے لے کر پی ایچ ڈی تک مختلف ڈگریاں اور مختصر کورسز پیش کرے گا۔ یونیورسٹی کا قیام وژن 2030 کے تحت سعودی عرب کی تخلیقی معیشت کو آگے بڑھانے اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

