اداکارہ و میزبان مشی خان نے صبا قمر کے کراچی سے متعلق بیان پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے انسٹاگرام ویڈیو میں کہا کہ صبا قمر نے کراچی کا نام سنتے ہی “استغفراللّٰہ” کہا، جو افسوسناک ہے۔ مشی خان کے مطابق کراچی وہ شہر ہے جہاں کئی فنکاروں نے شہرت، عزت اور دولت حاصل کی، اس لیے اس شہر کے بارے میں منفی بات کرنا نامناسب ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جیسے بھارتی فنکار ممبئی کے مسائل کے باوجود اپنے شہر کو برا نہیں کہتے، ویسے ہی پاکستانی فنکاروں کو بھی اپنے شہروں کی عزت کرنی چاہیے۔
مشی خان نے مزید کہا کہ صبا قمر کو اپنے الفاظ کے چناؤ میں احتیاط کرنی چاہیے تھی، کیونکہ انسان کو ہمیشہ اس جگہ کا احترام کرنا چاہیے جہاں سے اسے پہچان ملی ہو۔

