گلوکار فلک شبیر نے رئیلٹی شو پاکستان آئیڈل کی حمایت میں بیان دے کر مداحوں کے دل جیت لیے۔
شو کے نئے سیزن کو ججز پینل خصوصاً فواد خان کے باعث تنقید کا سامنا ہے، تاہم فلک شبیر نے اس کے برعکس مثبت مؤقف اختیار کیا۔ انہوں نے انسٹاگرام پر اعلان کیا کہ پاکستان آئیڈل کے شرکاء ان کے تمام گانے مقابلے میں استعمال کر سکتے ہیں تاکہ نئے فنکاروں کو بہتر موقع ملے۔
فلک شبیر نے کہا کہ وہ شو، ججز اور تمام ابھرتے ہوئے گلوکاروں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ مداحوں نے ان کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے انہیں “بڑے دل والا فنکار” قرار دیا اور کہا کہ دیگر گلوکاروں کو بھی ایسا ہی رویہ اپنانا چاہیے۔

