2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ شامل کی جا رہی ہے، لیکن آئی سی سی کے تجویز کردہ ریجنل کوالیفکیشن سسٹم پر پاکستان اور نیوزی لینڈ نے اعتراض اٹھا دیا ہے۔ فارمولے کے تحت ہر ریجن سے صرف ٹاپ ٹیم کوالیفائی کرے گی، جب کہ میزبان امریکا بغیر کارکردگی کے شامل ہو گا۔ پاکستان کی آٹھویں اور نیوزی لینڈ کی چوتھی پوزیشن ہونے کے باوجود، وہ براہ راست اولمپکس میں جگہ نہیں بنا سکیں گے۔ دوسری جانب بھارت، آسٹریلیا اور برطانیہ کو فائدہ ہو گا۔ ویمنز ٹیموں کا فیصلہ آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد کیا جائے گا۔

