نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں 29 اگست سے 2 ستمبر تک شدید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
کراچی، ٹھٹھہ، سجاول، بدین اور تھرپارکر میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ حیدرآباد، دادو، سکھر، لاڑکانہ اور کشمور میں بھی موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔
پنجاب کے شمالی و وسطی اضلاع راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ملتان، ڈی جی خان اور بہاولپور سمیت کئی علاقوں میں نشیبی جگہوں کے زیرِ آب آنے اور دریاؤں میں پانی کی سطح بڑھنے کا خدشہ ہے۔
خیبرپختونخوا میں بارشوں کے ساتھ لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، خاص طور پر مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا اندیشہ ہے۔
بلوچستان کے گوادر، پنجگور، خضدار اور لسبیلہ سمیت مختلف اضلاع میں بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ دریائے راوی، ستلج اور چناب کے قریب علاقوں میں سیلاب کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔

