اقوام متحدہ نے نئے سیکریٹری جنرل کے انتخاب کا عمل باضابطہ طور پر شروع کردیا ہے اور رکن ممالک سے کہا ہے کہ وہ یکم جنوری 2027 سے شروع ہونے والی مدت کے لیے امیدوار نامزد کریں۔ تنظیم نے اپنے خط میں واضح کیا ہے کہ اس عہدے کے لیے بین الاقوامی تعلقات، سفارت کاری اور زبانوں پر عبور رکھنے والے افراد کی ضرورت ہے، جبکہ دیانت داری اور اعلیٰ کارکردگی کو بنیادی شرط قرار دیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ نے اعتراف کیا کہ تاحال کوئی خاتون اس منصب پر فائز نہیں ہوئی، اس لیے رکن ممالک سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ خواتین امیدواروں پر سنجیدگی سے غور کریں۔ امیدواروں کو ریاست یا ریاستوں کے گروپ کی جانب سے نامزد کیا جائے گا اور انٹرویوز کا عمل بھی عوامی ہوگا، جسے پہلی بار 2016 میں اختیار کیا گیا تھا۔ موجودہ سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی مدت 31 دسمبر 2026 کو ختم ہوگی۔
اقوام متحدہ میں نئے سیکریٹری جنرل کے انتخاب کا عمل شروع—خواتین امیدواروں پر بھی زور

