پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا ہے کہ جاری ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا اپنی کپتانی برقرار نہیں رکھ پائیں گے۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب پاکستان انگلینڈ کے خلاف میچ میں شکست کھا گیا، جس سے سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات تقریباً ختم ہو گئے۔
محمد عامر نے ایک ٹی وی پروگرام میں کہا کہ ان کے خیال میں ورلڈ کپ کے بعد سلمان علی آغا کپتانی نہیں کریں گے اور فی الحال کوئی اور موزوں امیدوار بھی نظر نہیں آ رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کئی کھلاڑیوں کے لیے یہ ورلڈ کپ آخری بھی ثابت ہو سکتا ہے۔
سابق کپتان راشد لطیف نے بھی بابر اعظم کی ٹیم میں شمولیت پر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ جدید ٹی20 کرکٹ میں ایسے بیٹرز کی ضرورت ہے جو رفتار بڑھا سکیں، بصورت دیگر دوسرے اینڈ پر دباؤ بڑھتا ہے اور نئے کھلاڑی خطرناک شاٹس کھیلنے پر مجبور ہوتے ہیں۔
سابق اوپنر احمد شہزاد نے بھی بیٹنگ حکمتِ عملی پر سوالات اٹھائے اور کہا کہ سنگلز اور ڈبلز لینے کے مواقع ضائع کیے گئے۔ ان کے مطابق کھلاڑیوں کو اپنی کمزوریوں کو تسلیم کر کے جدید ٹی20 کے تقاضوں کے مطابق خود کو ڈھالنا ہوگا تاکہ ٹیم کی کارکردگی بہتر ہو سکے۔
