ترقی پذیر آٹھ ممالک کی تنظیم ڈی ایٹ کے سیکریٹری جنرل سفیر سہیل محمود نے ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں اعلیٰ سیاسی و حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں باہمی تجارت، اقتصادی تعاون، ادارہ جاتی اصلاحات اور آئندہ سربراہی اجلاس کی تیاریوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
نائب صدر جودت یلماز سے ملاقات میں تنظیم کو مزید فعال اور نتائج پر مبنی بنانے پر زور دیا گیا۔ آذربائیجان کی شمولیت کے بعد پیدا ہونے والے نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے اور سیکریٹریٹ کی مالی و انتظامی صلاحیت کو مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ترکیہ نے بانی رکن کی حیثیت سے مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقاتوں میں اپریل 2026 میں جکارتہ میں منعقد ہونے والے سربراہی اجلاس کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا گیا۔
بعد ازاں وزیر خارجہ حقان فیدان سے ملاقات میں رکن ممالک کے درمیان سفارتی اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے اور بدلتے عالمی تجارتی حالات میں مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
