پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے سندھ کو بھارت کا حصہ قرار دینے والے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خطے کے امن کے لیے خطرناک قرار دیا ہے۔ دفترِ خارجہ کے مطابق یہ بیان تاریخ کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے اور ہندوتوا سوچ کو آگے بڑھانے کی ایک مثال ہے جو عالمی قوانین، سرحدی احترام اور ریاستی خود مختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ترجمان نے بھارتی قیادت پر زور دیا کہ وہ اشتعال انگیز بیانات سے باز آئے اور خطے کے استحکام کو متاثر کرنے سے گریز کرے۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ اپنی اقلیتوں کے تحفظ، اندرونی چیلنجز اور شمال مشرقی علاقوں کے عوام کے مسائل پر توجہ دے۔
دفترِ خارجہ نے ایک بار پھر واضح کیا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے مسئلے کے پُرامن حل کا خواہاں ہے، لیکن اپنی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ہمیشہ پُرعزم رہے گا۔

