محکمۂ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر میں تمام خطرناک عمارتوں والے اسکولز کو فوری طور پر خالی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ اس حوالے سے تمام ضلعی اتھارٹیز کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ مراسلے کے مطابق کسی بھی صورت طلبہ کو خستہ حال یا خطرناک قرار دی گئی عمارتوں میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ نہ ہی کسی طالب علم کو ایسی عمارتوں میں بیٹھنے یا تعلیم حاصل کرنے کی اجازت ہو گی۔
محکمے نے تمام خطرناک اور جزوی طور پر خطرناک سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کو سیل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان عمارتوں پر واضح سائن بورڈ آویزاں کیے جائیں تاکہ طلبہ اور اساتذہ کو آگاہ رکھا جا سکے۔
مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں متعلقہ ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی اور ہیڈ ٹیچر ذمہ دار ہوں گے۔
یہ اقدام طلبہ کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
