ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے جولائی کی آؤٹ لُک رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ امریکا کے تجارتی ٹیرف اور عالمی غیر یقینی صورتحال کے باعث خطے کی برآمدات اور شرح نمو متاثر ہوسکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال ایشیائی خطے کی مجموعی ترقی 4.7 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، جبکہ توانائی کی بڑھتی قیمتیں اور عالمی تنازعات مزید مشکلات پیدا کرسکتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین کی جائیداد مارکیٹ کی کمزوری اور امریکا کی ترسیلات پر ممکنہ ٹیکس ایشیائی ممالک کے لیے چیلنج بن سکتے ہیں۔ بھارت، فلپائن اور پاکستان سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہیں۔
تاہم پاکستان کے بارے میں رپورٹ میں مثبت اشارے دیے گئے ہیں، جیسے مہنگائی میں کمی اور صنعتی و خدماتی شعبوں کی بحالی۔ مالی سال 2024-25 میں پاکستان کی شرح نمو 4.2 فیصد رہنے کی امید ظاہر کی گئی ہے۔

