پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی، جس سے صبح کے وقت ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔ موٹر وے پولیس کے مطابق دھند میں اضافے کے سبب ایم ٹو، ایم تھری، ایم فور، ایم فائیو اور لاہور سیالکوٹ موٹر وے سمیت کئی اہم شاہراہوں کو مختلف مقامات پر بند کرنا پڑا۔ بھکر، حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، فیصل آباد، چیچہ وطنی اور شکرگڑھ سمیت متعدد علاقوں میں مسافروں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

