سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر واشنگٹن کا دورہ کیا، جہاں دونوں ممالک نے اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ وائٹ ہاؤس میں ہونے والی سربراہی ملاقات میں دفاع، توانائی، معیشت، تعلیم، مصنوعی ذہانت اور اہم معدنیات کی سپلائی چین سے متعلق کئی اہم معاہدوں اور فریم ورکس پر دستخط ہوئے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مئی 2025 میں صدر ٹرمپ کے سعودی دورے سے حاصل ہونے والے مثبت نتائج کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ امریکی اور سعودی وزرا پر مشتمل بڑے وفود نے بھی مذاکرات میں حصہ لیا۔
اس موقع پر امریکی سعودی انویسٹمنٹ فورم میں تقریباً 270 ارب ڈالر کے معاہدوں کا اعلان کیا گیا، جبکہ صدر ٹرمپ اور خاتون اول نے ولی عہد کے اعزاز میں خصوصی عشائیہ بھی دیا۔ دورے کے اختتام پر ولی عہد نے مہمان نوازی پر امریکی قیادت کا شکریہ ادا کیا، اور صدر ٹرمپ نے سعودی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

