پاکستان کے توانائی شعبے میں ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے، جہاں پانچ برس سے بند جامشورو گیس پلانٹ دوبارہ کام شروع کر گیا ہے۔ جامشورو جوائنٹ وینچر لمیٹڈ کے اس منصوبے کی بحالی سے ملکی معیشت کو نمایاں فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے توانائی کے اخراجات میں بڑی بچت ہوگی جبکہ ٹیکس آمدن میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی معاونت سے طویل تعطل ختم ہوا، جس کے نتیجے میں گیس سیکٹر کو خاطر خواہ آمدنی حاصل ہو سکے گی۔
پلانٹ کے فعال ہونے سے ہزاروں افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور مقامی پیداوار بڑھنے سے لاکھوں گھروں کو توانائی کی فراہمی ممکن ہو جائے گی۔

