سینئر اداکار راشد محمود نے ایک پوڈکاسٹ میں انکشاف کیا کہ پی ٹی وی نے محرم کے دوران مرثیہ پڑھنے پر انہیں صرف 620 روپے کا چیک دیا، جسے وہ اپنی توہین سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مرثیہ پڑھنے کا معاوضہ نہیں مانگتے، لیکن دیگر قاری حضرات کو زیادہ ادائیگی جبکہ انہیں اتنی کم رقم دینا ناقابلِ قبول تھا۔
اداکار کے مطابق واقعے پر انہوں نے سخت احتجاج کیا، جس کے بعد پی ٹی وی انتظامیہ نے معذرت بھی کی، تاہم انہوں نے فیصلہ کیا کہ اب وہ لاہور سینٹر کے لیے کام نہیں کریں گے۔
راشد محمود کا کہنا تھا کہ ان کی ناراضی ادارے سے نہیں بلکہ اُن افراد سے ہے جنہوں نے یہ ناانصافی کی۔ انہوں نے بتایا کہ آج بھی اسلام آباد سینٹر کے قومی نوعیت کے پروگرام وہ بغیر کسی معاوضے کے کر دیتے ہیں کیونکہ اُن کی پہچان پاکستان ہے۔

