اتوار کے روز بھارت کی قومی اور اے ٹیم کو اپنے اہم میچوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد پاکستان میں سوشل میڈیا پر ’واٹ آ سنڈے‘ کا ٹرینڈ چھا گیا۔ پاکستانی صارفین نے میمز اور دلچسپ تبصروں کے ساتھ سوشل میڈیا بھر دیا۔
کولکتہ میں جنوبی افریقہ نے بھارت کو پہلے ٹیسٹ میں 30 رنز سے شکست دی، جبکہ قطر میں پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو 8 وکٹوں سے ہرا کر ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2025 کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
اسی روز راولپنڈی میں پاکستان نے سری لنکا کو بھی تیسرے ون ڈے میں 8 وکٹوں سے مات دے کر سیریز وائٹ واش کی۔ ان کامیابیوں اور بھارت کی ہار نے پاکستانی شائقین کے لیے اتوار کو خوشگوار اور تفریح سے بھرپور دن بنا دیا، اور یوں “What a Sunday” ٹرینڈ بن گیا۔

