اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات بھر جاری موسلا دھار بارش سے نظامِ زندگی درہم برہم ہو گیا۔ 230 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں نالہ لئی کی سطح کٹاریاں پر 18 فٹ اور گوالمنڈی پل پر 17 فٹ تک جا پہنچی۔ نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، اور ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام متعلقہ ادارے الرٹ کر دیے گئے۔ خطرے کے پیشِ نظر فوج کی مدد بھی طلب کر لی گئی ہے، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے اجتناب کی ہدایت کی گئی ہے۔ جہلم میں بھی بارش سے ندی نالوں میں طغیانی پیدا ہو گئی ہے، جس پر ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔

