پاکستانی اداکارہ تارا محمود نے انکشاف کیا ہے کہ کوویڈ کے دوران ان کے والد اور سابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کو اسکول کھولنے کے فیصلے پر دھمکیاں موصول ہوئیں۔
اداکارہ نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے شوبز میں قدم رکھتے وقت والد کے سیاسی پس منظر کو خفیہ رکھا کیونکہ والد نے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ایسا کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ تاہم ڈرامہ چپکے چپکے کی شوٹنگ کے دوران والد کے ساتھ تصاویر وائرل ہونے پر یہ بات سب کے سامنے آگئی۔
تارا محمود نے کہا کہ کوویڈ کے پہلے سال اسکول بند کرنے پر والد ہیرو بن گئے تھے، لیکن اگلے سال جب اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تو ہمیں دھمکیاں موصول ہوئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ کبھی بھی اپنے والد کے اثر و رسوخ یا طاقت کو ذاتی فائدے کے لیے استعمال نہیں کرتیں، حتیٰ کہ خود گاڑی چلا کر سیٹ پر پہنچتی تھیں۔
واضح رہے کہ شفقت محمود پی ٹی آئی حکومت میں وفاقی وزیر تعلیم رہے اور جولائی 2024 میں سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

