سینئر اداکارہ سلمیٰ حسن نے بتایا ہے کہ سابق شوہر اظفر علی کے ساتھ شروع ہونے والے اختلافات نے ان کی بیٹی فاطمہ کی ذہنی اور جذباتی صحت پر گہرا اثر ڈالا۔
ایک حالیہ ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فاطمہ اس وقت صرف چند ماہ کی تھی جب گھر کے مسائل شدت اختیار کر گئے، اور بچی نے غصے کی غیر معمولی کیفیتیں دکھانا شروع کر دیں، یہاں تک کہ سانس روکنے کی کوشش بھی کرتی تھی۔
سلمیٰ حسن کے مطابق ماہرینِ نفسیات نے انہیں سمجھایا کہ بیٹی کا رویہ دراصل ان کے اپنے اندرونی دباؤ کی عکاسی ہے۔ بعد ازاں اداکارہ نے تھراپی کا آغاز کیا، جس کے بعد صورتحال بہتر ہونا شروع ہوئی۔
یاد رہے کہ سلمیٰ حسن اور اظفر علی 2001 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے لیکن 2012 میں علیحدگی اختیار کرلی۔ اسی سال اظفر علی نے اداکارہ نوین وقار سے دوسری شادی کرلی تھی۔

