طائف کے وسط میں واقع تاریخی بازار ’سوق البلد‘ آج بھی شہر کی شناخت اور ثقافتی ورثے کی علامت ہے۔ پتھروں سے بنی اس قدیم مارکیٹ کی عمارت جدید تعمیرات کے درمیان بھی اپنی عظمت کے ساتھ قائم ہے۔
بازار میں داخلے کے لیے تین تاریخی دروازے — باب الربع، باب العباس اور باب الحزم — قائم ہیں، جہاں سے گزر کر زائرین روایتی گلیوں کا سفر کرتے ہیں۔ یہاں پر شہد، مصالحے، جڑی بوٹیاں، روایتی ملبوسات، ہاتھ کے بنے زیورات، قیمتی پتھر، اور نوادرات سمیت مختلف اشیاء دستیاب ہیں۔
بازار کے اردگرد مقامی کھانوں کے ریستوران اور گیسٹ ہاؤسز موجود ہیں جو خریداری کے ساتھ ساتھ طائف کی مہمان نوازی کا بھی احساس دلاتے ہیں۔ میونسپلٹی نے سوق البلد کو ایک اہم سیاحتی مقام کے طور پر محفوظ کر کے اس کی تاریخی قدر کو مزید اجاگر کیا ہے۔

