اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹس کمپلیکس کی سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ اجلاس میں داخلی دروازوں پر واک تھرو گیٹس اور اسکینرز نصب کرنے، سائلین کے سامان کی اسکیننگ کے بعد داخلے کی اجازت دینے اور انٹری پوائنٹ پر زگ زیگ گرل لگانے کی منظوری دی گئی۔
ذرائع کے مطابق چھتوں پر اسنائپرز کی تعیناتی اور وکلاء کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تربیت دینے کی تجاویز بھی زیر غور آئیں۔ اسپیشل برانچ کے اہلکار داخلی دروازے پر سرچنگ کے لیے موجود ہوں گے، جبکہ ایک ایمبولینس کو مستقل طور پر کمپلیکس کے باہر تعینات کیا جائے گا۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ سیکیورٹی اہلکار دورانِ ڈیوٹی غیرضروری موبائل فون استعمال نہیں کریں گے۔
