خیبر پختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت دہشتگردی کے خلاف جنگ میں وفاق اور افواج پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کے پی واحد صوبہ ہے جس نے اپنا ایکشن پلان بنایا، پولیس کو 7 ارب روپے دیے گئے اور بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی گئیں تاکہ دہشتگردوں کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکے۔
مزمل اسلم نے واضح کیا کہ افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کے لیے اقدامات جاری ہیں، اب تک 80 فیصد مہاجرین کے پی سے واپس گئے ہیں۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ وفاق نے آئی ڈی پیز اور ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز فراہم نہیں کیے، جبکہ صوبائی حکومت خود اپنے وسائل سے متاثرین اور ترقیاتی کاموں کے اخراجات برداشت کر رہی ہے۔
