نمونیا کے عالمی دن کے موقع پر ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ یہ بیماری اگرچہ خطرناک ہے، لیکن چند سادہ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے اس سے بآسانی بچا جا سکتا ہے۔
نمونیا ایک انفیکشن ہے جو پھیپھڑوں کو متاثر کرتا ہے اور زیادہ تر بچوں اور بزرگوں کے لیے خطرناک ثابت ہوتا ہے۔ اس کی عام علامات میں کھانسی، بخار، سینے میں درد اور سانس لینے میں دشواری شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس بیماری سے بچاؤ کے لیے درج ذیل پانچ اقدامات نہایت مؤثر ہیں:
-
ویکسین لگوائیں: بچوں اور بڑوں دونوں کو نمونیا سے بچاؤ کی ویکسین ضرور لگوانی چاہیے۔
-
صاف ہوا میں سانس لیں: فضائی آلودگی سے بچنے کی کوشش کریں، خاص طور پر سردیوں میں۔
-
ہاتھوں کی صفائی رکھیں: کھانے سے پہلے اور باہر سے آنے کے بعد ہاتھ اچھی طرح دھونا نہ بھولیں۔
-
کمزور افراد کا خیال رکھیں: بزرگوں اور کمزور مدافعت والے افراد کو سالانہ فلو شاٹ اور متوازن غذا کی ضرورت ہوتی ہے۔
-
علامات پہچانیں: تیز بخار، سانس میں دقت یا چہرے کا نیلا پڑ جانا فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنے کی علامت ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بروقت تشخیص، صحت مند طرزِ زندگی اور ویکسینیشن ہی نمونیا سے مؤثر تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

