معروف اداکار علی طاہر نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والد کو 2006ء میں گردے کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، مگر ہمت اور بروقت علاج کے باعث وہ اب مکمل طور پر صحتیاب ہیں۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے علی طاہر نے بتایا کہ تشخیص کے وقت گھر کا ماحول انتہائی پریشان کن تھا، لیکن والد نے حوصلے سے فیصلہ کیا کہ وہ فوراً سرجری کروائیں گے۔ آپریشن کے دوران ایک گردہ نکال دیا گیا، اور خوش قسمتی سے علاج کامیاب رہا۔
اداکار نے ناظرین کو کینسر کی ابتدائی علامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد کو کسی قسم کا درد نہیں تھا، صرف پیشاب میں خون آنا وہ علامت تھی جس سے بیماری کا پتہ چلا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ایسی علامات کو معمولی نہ سمجھا جائے اور فوراً طبی معائنہ کروایا جائے۔

