تھائی لینڈ میں ہونے والے مس یونیورس 2025 مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی روما ریاض نے اپنی رنگت پر ہونے والی تنقید کا پُرعزم جواب دیتے ہوئے کہا کہ “میری جلد پاکستان کی مٹی کے رنگ جیسی ہے۔”
انسٹاگرام پر جاری ویڈیو میں روما ریاض نے کہا کہ وہ ہر اس پاکستانی خاتون کی نمائندہ ہیں جسے کبھی “سانولی، نڈر یا مختلف” کہہ کر پکارا گیا۔ ان کے مطابق یہی خواتین دراصل پاکستان کا اصل چہرہ ہیں۔
روما نے معاشرے میں رنگت پر مبنی تعصب (Colorism) پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ باور کرایا گیا کہ گوری رنگت ہی خوبصورتی ہے، لیکن وہ اس سوچ کو بدلنے آئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنی جڑوں، اقدار اور رنگ پر فخر کرتی ہیں، کیونکہ خوبصورتی کسی رنگ یا چہرے تک محدود نہیں بلکہ احساس اور شناخت کا نام ہے۔

