وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ برسلز میں وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی یورپی یونین کے کمشنر برائے داخلی امور سے ملاقات اہم پیش رفت ثابت ہوئی ہے۔ وزیراعظم کے مطابق پاکستان کی انسانی اسمگلنگ روکنے کی کوششوں کو برسلز اور لندن دونوں جگہ سراہا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں تارکین وطن کے مسئلے پر مثبت پیش رفت ہوئی اور دو طرفہ تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم نے محسن نقوی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
گزشتہ روز برسلز میں ہونے والی ملاقات میں غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ کے مطابق رواں سال کے دوران پاکستان میں 1,770 انسانی اسمگلرز اور ایجنٹس کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

