اٹلی کا مشہور فیشن انسٹیٹیوٹ ’استیتیو مارانگونی‘ 28 اگست کو ریاض میں اپنا پہلا کیمپس قائم کرے گا، جو سعودی عرب کو عالمی فیشن ہب بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ یہ کیمپس کنگ عبداللہ فائنینشل ڈسٹرکٹ کے ریاض کری ایٹیو ڈسٹرکٹ میں واقع ہوگا اور سعودی فیشن کمیشن کے تعاون سے خصوصی پروگرام پیش کرے گا۔
اسکول میں تین سالہ ڈپلومہ کورسز پڑھائے جائیں گے جن میں فیشن ڈیزائن، کمیونیکیشن، مینجمنٹ، ڈیجیٹل میڈیا، اور فریگرینسز اینڈ کاسمیٹکس مینجمنٹ شامل ہوں گے۔ نصاب میں مقامی ثقافت اور جدید عالمی رجحانات کو یکجا کرنے پر زور دیا گیا ہے، جبکہ طلبہ کو لگژری فیشن انڈسٹری میں عملی مہارت فراہم کی جائے گی۔
