سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ صوبے میں گورنر راج لگانے کی کسی میں ہمت نہیں، ایسا قدم انتظامی مسائل کو مزید بڑھا دے گا۔
جیو نیوز سے گفتگو میں انہوں نے پیپلز پارٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ گورنر راج سے متعلق اپنا واضح مؤقف سامنے لائے اور بتائے کہ احمد کریم کنڈی کا بیان پارٹی پالیسی ہے یا نہیں۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی امن چاہتی ہے اور دہشت گردی کے خلاف تمام وسائل کے استعمال کی حامی ہے، تاہم پالیسی سازی میں مقامی کمیونٹی کو شامل کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ وفاقی حکومت ان کے قومی جرگوں کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی، حالانکہ ان میں مختلف سیاسی جماعتیں بھی شریک تھیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ان کی جلسوں کی تقاریر آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر کی گئیں اور وہ آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

