وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی عوام نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور ایسی تکلیف دہ صورتحال دوبارہ کبھی نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کی جانب ایک اہم قدم ہے، اور عالمی قیادت، خصوصاً امریکا، قطر، مصر اور ترکیہ کے کردار کو سراہا۔
وزیراعظم نے مسجد اقصیٰ میں حالیہ اشتعال انگیزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور فلسطینی عوام کی ثابت قدمی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے فریقین سے مکمل عملدرآمد اور غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔
