سابق انگلش کپتان جیفری بائیکاٹ نے تازہ بیان میں کہا ہے کہ موجودہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہی ہے اور اس کی کارکردگی مایوس کن ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بین اسٹوکس اور برینڈن میکلم یہ تاثر دیتے ہیں کہ جدید ٹیسٹ کرکٹ صرف وہی سمجھتے ہیں، جبکہ ٹیم کا کھیل اس نظریے کی عکاسی نہیں کرتا۔
بائیکاٹ نے برسبین میں کھیلے گئے میچ کو “خوفناک کارکردگی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ آسٹریلوی ٹیم ہرائی جا سکتی تھی، مگر انگلینڈ کو اب جیت کے لیے معجزے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چار سال کی پلاننگ کے باوجود بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبے ناکام دکھائی دے رہے ہیں، ٹیم کے کھلاڑی اپنے دائرے سے باہر کسی کی بات سننے کو تیار نہیں۔
بائیکاٹ نے ہیری بروک پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ آسٹریلوی کنڈیشنز میں اپنے پیروں کی حرکت درست نہیں رکھ پا رہے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ ایشیز سیریز کے ابتدائی دو ٹیسٹ میچز پہلے ہی ہار چکا ہے۔

