قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے 400 روپے یومیہ الاؤنس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے اپنی توہین قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ رقم تو ایک مزدور کی دیہاڑی کے برابر بھی نہیں، ایسے حالات میں کھیل جاری رکھنا ممکن نہیں۔
کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ پہلے ہی روزگار کے مسائل درپیش ہیں، الاؤنس وقت پر نہیں ملتا اور اب اتنی کم رقم کی بات کی جا رہی ہے، جس سے گھروں کے حالات مزید خراب ہو رہے ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل رانا مجاہد نے وضاحت دی کہ پی ایس بی نے 400 روپے دینے کا کہا ہے جبکہ فیڈریشن کھلاڑیوں کو 100 ڈالر یومیہ دیتی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب کھلاڑی 100 ڈالر پر مطمئن نہیں تو 400 روپے پر کیسے کھیل سکتے ہیں۔

