برطانوی حکومت نے موٹاپے خصوصاً بچوں میں تیزی سے بڑھتی شرح پر قابو پانے کے لیے مضرِ صحت کھانوں اور مشروبات پر لگنے والی مشہور ڈیلز جیسے ’بائے ون گیٹ ون فری‘ اور ’ملٹی بائی پروموشنز‘ پر پابندی عائد کر دی ہے۔
یہ فیصلہ اب انگلینڈ کی سپر مارکیٹس، ہائی اسٹریٹ دکانوں اور آن لائن ریٹیلرز پر نافذ ہوگیا ہے، جبکہ ریسٹورنٹس اور کیفیز میں مخصوص مشروبات کی مفت ری فِل پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔
حکومت کے مطابق یہ اقدامات بچوں کو صحت مند زندگی دینے کے لیے ناگزیر ہیں۔ برطانوی میڈیا نے بتایا کہ اگلے مرحلے میں جنوری سے رات 9 بجے سے پہلے ٹی وی پر اور آن لائن جَنک فوڈ اشتہارات پر بھی مکمل پابندی لگائی جائے گی۔
وزارتِ صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹاپا بچوں کو صحت مند مستقبل سے محروم کرتا ہے اور نیشنل ہیلتھ سروس پر بھاری مالی بوجھ ڈالتا ہے۔

