اڈیالہ جیل میں آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا دن ہے، جہاں پارٹی نے چھ وکلاء رہنماؤں کی فہرست جیل انتظامیہ کو بھجوا دی ہے۔ فہرست میں بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ، سلمان صفدر، علی زمان، سردار نبی اور طلعت محمود شامل ہیں، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں بھی ملاقات کے لیے پہنچیں گی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی آمد کے امکان کے بعد انتظامیہ نے راولپنڈی میں تین روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت ہر قسم کے سیاسی اور مذہبی اجتماعات پر پابندی ہوگی۔
اڈیالہ جیل کے اطراف سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے، پانچ اضافی ناکے قائم کیے گئے ہیں اور 700 سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ خواتین پولیس سمیت 12 تھانوں کے ایس ایچ اوز بھی ڈیوٹی پر ہوں گے۔
اینٹی رائٹ فورس کو بھی تعینات کیا گیا ہے اور جیل روڈ پر سخت چیکنگ کے بعد ہی گاڑیوں کو آگے جانے کی اجازت دی جائے گی، جبکہ مختلف ادارے باہمی تعاون سے صورتحال کو محفوظ بنانے پر مامور ہیں۔

