ایک تازہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ دل کے دورے اور فالج کے تقریباً تمام کیسز ایسے عوامل سے وابستہ ہیں جنہیں قابو پایا جا سکتا ہے۔ مطالعے کے مطابق 99 فیصد مریض پہلے سے ہی ہائی بلڈ پریشر، زیادہ کولیسٹرول، بلند شوگر یا تمباکو نوشی جیسے مسائل کا شکار تھے، جن میں سب سے زیادہ عام مسئلہ ہائی بلڈ پریشر رہا۔
تحقیق میں جنوبی کوریا کے 6 لاکھ سے زائد اور امریکا کے ہزار سے زیادہ افراد کو 20 سال تک فالو کیا گیا۔ نتائج میں سامنے آیا کہ ہائی بلڈ پریشر زیادہ تر مریضوں میں موجود تھا، جو بظاہر علامات کے بغیر ہوتا ہے اور اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بلڈ پریشر، شوگر اور کولیسٹرول کی باقاعدہ جانچ، صحت مند خوراک، ورزش، وزن کو متوازن رکھنا اور تمباکو نوشی سے پرہیز دل و دماغ کی بیماریوں سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

