اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے افغانستان کی جانب سے مبینہ بلا اشتعال جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی فوری اور مؤثر جوابی کارروائی پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان بھارت کی پراکسی کے طور پر کام کر رہا ہے اور خطے کے امن کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ایاز صادق نے الزام عائد کیا کہ افغانستان بھارت کی ایماء پر پاکستان کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہے اور رات کی تاریکی میں پاکستانی چوکیوں پر حملے بزدلانہ اقدام ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک افواج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور افغانستان دہشت گردوں کی آماج گاہ بنا ہوا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی، تاہم پاکستان کے تحمل کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
